کاسرگوڈ،21 / اگست (ایس او نیوز) کیرالہ کاسرگوڈ کے نیلیشور علاقے میں کوسٹل سیکیوریٹی فورس کے دو ملازمین سمندر میں ڈوبنے سے ہلاک ہوگئے جن کی شناخت راجیش (35 سال) اور سانیش (32 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ دونوں افراد کوسٹل سیکیوریٹی فورس کی ریسکیو بوٹ پر ملازم تھے ۔ کل شام پانچ بجے کے قریب جب راجیش سمندر میں مچھلیوں کا شکار کر رہاتھا تو وہ حادثاتی طور پر پانی میں گر کر ڈوبنے لگا ۔ اس کی چیخ و پکار سن کر مدد کرنے کے لئے سانیش نے سمندر میں چھلانگ لگائی مگر بد قسمتی سے وہ اسے بچا نہیں سکا اور خود بھی اس کے ساتھ غرقاب ہوگیا۔
اس حادثہ کے بعد کوسٹل سیکیوریٹی فورس کے اہلکار اور مقامی افراد نے مشترکہ طور پر دونوں کو سمندر میں تلاش کرنے کی مہم چلائی جس کے بعد لاشیں سمندر سے نکال کر اگلی کارروائی کے لئے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کے مردہ گھر میں منتقل کی گئیں۔